لکی مروت میں جائیداد کا تنازع خونی تصادم میں تبدیل، گھر کے اندر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق
لکی مروت کے علاقے بھانہ منجیوالا میں جائیداد کے تنازع پر گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بھانہ منجیوالا میں پیش آیا، جہاں جائیداد کے تنازع پر گھر کے اندر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عبدالرؤف اور بدیع الزمان کے نام سے ہوئی ہے۔ عبدالرؤف بھانہ منجیوالا کا رہائشی تھا اور اسے مقتول کا بہنوئی بتایا گیا ہے، جبکہ دوسرا جاں بحق ہونے والا شخص بدیع الزمان سکنہ تاجہ زئی تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ فائرنگ کے محرکات اور واقعے میں ملوث افراد کے حوالے سے حقائق سامنے لائے جا سکیں۔








