متحدہ عرب امارات کا بڑی سہولت کا اعلان، بچوں کے ٹورسٹ ویزا کی سرکاری فیس معاف

متحدہ عرب امارات کا بڑی سہولت کا اعلان، بچوں کے ٹورسٹ ویزا کی سرکاری فیس معاف

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران سیاحت کو فروغ دینے اور بیرونِ ملک سے آنے والے خاندانوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے ٹورسٹ ویزا کی سرکاری فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے سے ہزاروں غیر ملکی خاندانوں کو مالی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

حکام کے مطابق یہ خصوصی رعایت 15 جولائی سے 15 ستمبر تک نافذ العمل رہے گی۔ اس مدت کے دوران وہ تمام بچے جن کی عمر 18 سال سے کم ہوگی اور جو اپنے والدین کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کا سفر کریں گے، ان کے ٹورسٹ ویزا کی سرکاری فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے والدین اور بچوں کی ویزا درخواستیں ایک ہی وقت میں جمع کرانا لازمی ہوگا۔ اگر بچوں کی درخواست الگ سے جمع کرائی گئی تو وہ اس رعایت کے اہل نہیں ہوں گے۔ اسی طرح یہ پالیسی صرف بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات میں پہلے سے مقیم افراد کے بچوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اگرچہ حکومت نے ویزا کی سرکاری فیس ختم کر دی ہے، تاہم درخواست گزاروں کو ٹریول انشورنس، ویزا پروسیسنگ اور ایجنسی کے سروس چارجز کی مد میں فی بچہ تقریباً 120 درہم ادا کرنا ہوں گے۔ اس کے باوجود مجموعی اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی کیونکہ عام حالات میں بچوں کے ٹورسٹ ویزا پر 250 سے 350 درہم تک لاگت آتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر کوئی خاندان دو بچوں کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا سفر کرتا ہے تو اسے مجموعی طور پر 500 سے 700 درہم تک کی بچت حاصل ہو سکتی ہے، جو موجودہ معاشی حالات میں ایک اہم ریلیف تصور کیا جا رہا ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ یہ رعایت 30 روزہ اور 60 روزہ ٹورسٹ ویزا دونوں پر لاگو ہوگی۔ تاہم اگر کوئی سیاح بعد میں اپنے ویزا کی مدت میں توسیع کروانا چاہے تو اس کے لیے مقررہ سرکاری فیس ادا کرنا ہوگی، کیونکہ یہ استثنیٰ صرف ابتدائی ویزا کے اجرا تک محدود ہے۔

سیاحتی شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف خاندانوں کے سفری اخراجات کم ہوں گے بلکہ گرمیوں کے دوران متحدہ عرب امارات میں سیاحت کو بھی مزید فروغ ملے گا، جس سے ملکی معیشت اور سیاحتی صنعت کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

More News