مجتبیٰ خامنہ ای کی حالت سے متعلق بڑا انکشاف، ٹرمپ کا حیران کن دعویٰ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت کے حوالے سے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خیال میں مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں اور ان کی موت نہیں ہوئی۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر کے جسم کے بائیں جانب انتہائی شدید چوٹیں آئی ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر مجتبیٰ خامنہ ای کی موت واقع ہوچکی ہے تو ایرانی حکام ’’بہت اچھا ڈرامہ‘‘ کر رہے ہیں، کیونکہ ایرانی حکام مختلف معاملات میں حتمی منظوری کے لیے اب بھی سپریم لیڈر سے دوبارہ بات کرنے کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو ایران پر امریکی حملوں کے پہلے روز مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سے انہیں عوامی سطح پر نہیں دیکھا گیا، جس کے باعث ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف امریکا کا عسکری اور اقتصادی دباؤ مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات ایک بڑی کامیابی کی جانب بڑھ رہے ہیں اور امریکا بہت جلد بڑی کامیابی حاصل کرنے والا ہے۔
ایرانی مذاکرات کاروں کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ وہ انہیں زیادہ قابلِ اعتماد گروہ نہیں سمجھتے، تاہم ان کے بقول اس معاملے میں کچھ بھی ممکن ہے۔
آبنائے ہرمز کے بارے میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اہم بحری گزرگاہ مکمل طور پر کھلی ہے۔ ان کے مطابق امریکا اس راستے سے بڑی تعداد میں بحری جہاز گزار رہا ہے جبکہ تمام بارودی سرنگیں بھی ختم کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے رواں ہفتے ایران کے خلاف پابندیوں کو مزید سخت کرنے کی مہم کا اعلان کیا ہے۔ امریکا نے ان ممالک کو بھی اقتصادی نتائج بھگتنے کی تنبیہ کی ہے جو ایران کے ساتھ تعلقات ختم کرنے سے انکار کریں گے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کی موجودہ صحت سے متعلق ٹرمپ کے دعووں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ ایرانی حکام کی جانب سے اس حوالے سے مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔








