مستحق افراد کو ایل پی جی پر بی آئی ایس پی کے ذریعے ریلیف دینے کا فیصلہ
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت مستحق افراد کو ایل پی جی کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا سے استفادہ کرے گی، تاکہ امداد حقیقی ضرورت مند خاندانوں تک پہنچائی جاسکے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق ایل پی جی کی قیمت تقریباً 450 روپے فی کلو بنتی ہے، تاہم بعض عناصر نے اس شعبے میں منافع خوری کی ہے۔ حکومت عوام کو سستی ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی درآمد کو مسابقت کی بنیاد پر کھولا جا رہا ہے، جبکہ تمام کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر ایل پی جی کی قیمتیں ظاہر کرنا ہوں گی تاکہ قیمتوں میں شفافیت برقرار رکھی جاسکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی ایل پی جی کی فراہمی نیلامی کے ذریعے کی جائے گی، جس سے مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ دسمبر اور جنوری کے دوران ملک میں گیس کی فراہمی برقرار رکھی جائے اور عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑنے دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی سے متعلق حکومتی فیصلوں کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔








