مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار صفدر خان لغاری انتقال کر گئے، سیاسی و سماجی حلقوں میں سوگ کی فضا
صادق آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، سابق ٹکٹ ہولڈر پی پی 266 اور پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم پنجاب کے سربراہ سردار صفدر خان لغاری طویل علالت کے بعد لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی صادق آباد سمیت ملک بھر کے سیاسی اور سماجی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی اور کارکنان کی بڑی تعداد نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سردار صفدر خان لغاری گزشتہ کچھ عرصے سے معدے کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا۔ طبیعت میں پیچیدگی پیدا ہونے پر انہیں لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں گزشتہ روز ان کی سرجری بھی کی گئی۔ تاہم آپریشن کے بعد ان کی صحت مزید بگڑ گئی جس کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی مسلسل کوششوں کے باوجود ان کی حالت میں بہتری نہ آ سکی اور وہ دورانِ علاج انتقال کر گئے۔ سردار صفدر خان لغاری رکن قومی اسمبلی سردار محمد اظہر خان لغاری کے صاحبزادے تھے اور سیاسی میدان میں اپنی متحرک اور فعال شخصیت کی وجہ سے خاص شناخت رکھتے تھے۔
مرحوم مسلم لیگ (ن) کے نوجوان رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے اور پارٹی کے تنظیمی و سیاسی امور میں بھرپور کردار ادا کر رہے تھے۔ خصوصاً سوشل میڈیا کے شعبے میں ان کی خدمات کو پارٹی قیادت اور کارکنان کی جانب سے ہمیشہ سراہا جاتا رہا۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا مہمات کو مؤثر بنانے میں ان کا کردار نمایاں سمجھا جاتا تھا۔
ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنان، سیاسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعزیتی پیغامات جاری کیے۔ رہنماؤں نے مرحوم کی سیاسی، تنظیمی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار صفدر خان لغاری کی وفات پارٹی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے جس کا خلا آسانی سے پُر نہیں ہو سکے گا۔
صادق آباد اور گردونواح کے علاقوں میں بھی ان کے انتقال پر سوگ کی کیفیت دیکھی جا رہی ہے۔ سیاسی کارکنان اور مقامی افراد مرحوم کی رہائش گاہ پر پہنچ کر اہلِ خانہ سے تعزیت کر رہے ہیں۔ مرحوم کی وفات کو سیاسی حلقے ایک باصلاحیت، متحرک اور نوجوان قیادت کے اچانک بچھڑ جانے سے تعبیر کر رہے ہیں۔








