لبنان کے آرمی چیف پاکستان روانہ، محسن نقوی آج ایران کا اہم دورہ کریں گے
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دعوت پر لبنان کے آرمی چیف جنرل روڈولف ہائیکل سرکاری دورے پر پاکستان روانہ ہو گئے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق لبنانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ آرمی کمانڈر جنرل روڈولف ہائیکل اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر پاکستان کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ دفاعی تعاون، عسکری روابط اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور لبنان کے درمیان فوجی تعلقات مزید مضبوط ہونے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی عسکری قیادت خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کرے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی آج ایک اہم سرکاری دورے پر ایران روانہ ہو رہے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ محسن نقوی اپنے دورۂ ایران کے دوران ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای تک پہنچائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایران روانگی سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاسوں میں شرکت کی۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال، سرحدی تعاون، امن و استحکام کے اقدامات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے محسن نقوی کو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات دی ہیں۔ وزیر داخلہ اپنے دورۂ ایران کے دوران ان نکات کو ایرانی قیادت کے سامنے رکھیں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کریں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق لبنان کے آرمی چیف کا دورۂ پاکستان اور محسن نقوی کا ایران کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں۔ ان اہم رابطوں سے نہ صرف پاکستان کے علاقائی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی بلکہ سیکیورٹی، سفارت کاری اور باہمی تعاون کے شعبوں میں بھی مثبت پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔








