گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 24 حلقوں میں کل پولنگ، انتظامات مکمل
گلگت بلتستان:ویب ڈیسک
گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں کل عام انتخابات کے لیے پولنگ ہوگی، جس کے لیے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔
انتخابی عملے اور سامان کی مختلف علاقوں میں ترسیل جاری ہے تاکہ پولنگ کا عمل بروقت اور پرامن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
ضلع دیامر کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کیپٹن (ر) محمد اویس عباسی کے مطابق ضلع دیامر میں انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع کے چار حلقوں میں مجموعی طور پر 173 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 68 مردوں کے لیے، 67 خواتین کے لیے جبکہ 38 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔
ان کے مطابق ضلع دیامر میں ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابی عمل کو پرامن بنانے کے لیے مجسٹریٹس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جی بی اسکاؤٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں انتخابی عملے اور سامان کی ترسیل مکمل کر لی جائے گی۔ پوسٹل بیلٹ جمع کرانے کی آخری مہلت رات 12 بجے تک مقرر ہے، جس کے بعد موصول ہونے والے بیلٹ قابل قبول نہیں ہوں گے۔
حکام کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گی، جبکہ ووٹ ڈالنے کے لیے قومی شناختی کارڈ لازمی ہوگا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جعلی بیلٹ پیپرز سے متعلق تاحال کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، تاہم کسی بھی شکایت کی صورت میں ثبوت کے ساتھ متعلقہ حکام سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اور ایسی کسی بھی شکایت پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلع بھر میں حساس پولنگ اسٹیشنز کو تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔








