ملاکنڈ ڈویژن کے عوام ہمارے ساتھ کھڑے رہے، آئندہ بھی مل کر امن کے لیے کام کریں گے، آئی جی ایف سی راؤ عمران

ملاکنڈ ڈویژن کے عوام ہمارے ساتھ کھڑے رہے، آئندہ بھی مل کر امن کے لیے کام کریں گے، آئی جی ایف سی راؤ عمران

انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (آئی جی ایف سی) راؤ عمران نے سوات میں ایک جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام ہمیشہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی باہمی تعاون سے امن و استحکام کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے قربانیاں دینے کا سلسلہ جاری رہے گا اور کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

راؤ عمران کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے امن کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جبکہ شہداء کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں۔ انہوں نے عوام کو اس جدوجہد میں ہراول دستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے عوام اور سیکیورٹی اداروں کا مشترکہ کردار انتہائی اہم ہے۔

آئی جی ایف سی نے کہا کہ چند شرپسند اور بھٹکے ہوئے عناصر علاقے کے امن کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کا میل جول نہیں رکھنا چاہیے۔ ان کے بقول اگر دیر اور باجوڑ میں امن کی صورتحال بہتر ہو جائے تو پورے ملاکنڈ ڈویژن میں امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ فریق مل کر بہتر انداز میں آگے بڑھیں گے اور امن و ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ عوامی تعاون اور مشترکہ کوششوں سے علاقے میں بہتری آئے گی اور امن کے قیام کے لیے جاری جدوجہد میں کوئی پسپائی اختیار نہیں کی جائے گی۔

More News