ملک میں گندم وافر مقدار میں موجود، ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، رانا تنویر

ملک میں گندم وافر مقدار میں موجود، ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، رانا تنویر

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں گندم کی کوئی قلت نہیں، وافر ذخائر موجود ہیں اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

رانا تنویر حسین کی زیر صدارت وہیٹ بورڈ کے نویں اجلاس میں ملک میں گندم کی پیداوار، دستیابی، خریداری اور مارکیٹ میں قیمتوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکام، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں گندم کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی علاقے میں قلت کا سامنا نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال گندم کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 13 لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن زیادہ رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ پیداوار کا مقررہ ہدف بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومتیں گندم کی مارکیٹ کی مسلسل نگرانی کریں گی تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی، سپلائی میں رکاوٹ ڈالنے اور بلاجواز قیمتیں بڑھانے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر گندم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

More News