مون سون کا دھواں دھار اسپیل جاری، موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب، متعدد شہروں میں بجلی کی فراہمی متاثر
لاہور: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا طاقتور سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف شہروں میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کا امکان موجود ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح سے وقفے وقفے سے ہونے والی تیز بارش نے موسم خوشگوار کر دیا، تاہم کئی علاقوں میں سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ گلبرگ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، ماڈل ٹاؤن، گڑھی شاہو، کیولری گراؤنڈ، شادمان، مغل پورہ، فردوس مارکیٹ، ماڈل کالونی اور مکہ کالونی سمیت متعدد علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی اور شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے دوران لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔ متاثرہ علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی بند رہنے سے گھریلو صارفین اور کاروباری طبقہ مشکلات سے دوچار رہا۔ لیسکو حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت بعض فیڈرز عارضی طور پر بند کیے گئے جبکہ تکنیکی عملہ بجلی کی جلد بحالی کے لیے مختلف مقامات پر کام کر رہا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی مون سون بارشوں نے گرمی کی شدت کم کر دی۔ جیکب آباد اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ کندھ کوٹ، لکھی غلام شاہ، ٹھل اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہریوں نے شدید گرمی سے وقتی نجات پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم بعض علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
ادھر بلوچستان کے ضلع کوہلو اور گردونواح میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ محبت آباد، نیو کالونی، مری بازار، ماڈل ٹاؤن اور پیپلز کالونی سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی خاندانوں نے اپنے گھروں سے قیمتی سامان محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث ایک مقامی ڈیم اوور فلو ہوگیا، جس کے بعد ملحقہ آبادیوں میں پانی داخل ہونے کا خطرہ بڑھ گیا۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کا موجودہ اسپیل آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث مزید بارشوں، ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور جمع شدہ پانی کے قریب جانے سے احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔








