مون سون کے نئے اسپیل کی پیش گوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون کے پانچویں اسپیل کے آغاز سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ پنجاب کے مختلف اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور، سرگودھا، چنیوٹ، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی۔
ادھر خیبر پختونخوا میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 103 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ندی نالوں کے قریب نہ جانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔








