کراچی ایئرپورٹ پر جدید فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ

کراچی ایئرپورٹ پر جدید فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ

کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے جدید فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی سطح پر ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق دلچسپی رکھنے والی مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو 13 اگست تک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ٹینڈر کے عمل میں شرکت کے لیے 2 کروڑ روپے کی بڈ سیکیورٹی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر موجود فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے سسٹم اپنی مدت پوری کر چکا ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو پروازوں کی آمد و روانگی، روانگی کے اوقات اور دیگر معلومات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی بنا پر اسے جدید اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ نظام سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کی تنصیب کے بعد مسافروں کو پروازوں سے متعلق معلومات بروقت اور زیادہ مؤثر انداز میں فراہم کی جا سکیں گی، جبکہ ایئرپورٹ کے انتظامی امور میں بھی بہتری آئے گی۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق درخواستیں ایڈیشنل ڈائریکٹر لاجسٹکس کے دفتر میں جمع کرائی جائیں گی، جبکہ ٹینڈر کے تمام مراحل شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں گے

More News