موٹروے سمیت اہم قومی شاہراہیں آج شام سے ٹریفک کیلئے بند رہیں گی
اسلام آباد: موٹروے پولیس نے شہریوں کو آج شام سے مختلف موٹرویز اور اہم قومی شاہراہوں پر سفر کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے متعدد مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ون آج شام سے اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ اس کے علاوہ فتح جنگ، پنڈی گھیپ اور تراپ انٹرچینجز بھی بند رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق ایم ون پر داؤد خیل، کوٹ بیلیاں اور عیسیٰ خیل انٹرچینجز بھی بند رکھے جائیں گے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صورتحال کے پیش نظر ایم ون پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے پہلے متبادل راستوں سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 14 بھی آج شام سے ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھی جائے گی۔ اس دوران ایم 14 پر سفر کرنے والے مسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنا ہوں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ جی ٹی روڈ این 5 بھی آج شام سے اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ اس بندش کے باعث اس روٹ پر سفر کرنے والے شہریوں کو بھی متبادل راستوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔
دوسری جانب ایم ٹو موٹروے پر بھی بڑی گاڑیوں کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے۔ آج سے لاہور سے اسلام آباد کی جانب ایم ٹو پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا۔ موٹروے پولیس کے مطابق بڑی گاڑیوں کو مختلف مقامات سے جی ٹی روڈ کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ایم ٹو اور ایم تھری سے آنے والی بڑی گاڑیوں کو بھی کالا شاہ کاکو کے مقام سے جی ٹی روڈ کی طرف منتقل کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ٹریفک کی روانی کو منظم رکھنا اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مخصوص راستوں پر آمدورفت کو کنٹرول کرنا ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے متعلقہ روٹس کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اہم شاہراہوں کی بندش کے باعث متبادل راستوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا امکان بھی ہے۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ موٹروے پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور دوران سفر ٹریفک اپ ڈیٹس کو مدنظر رکھیں تاکہ کسی بھی غیر ضروری پریشانی سے بچا جا سکے۔







