مہنگائی اور ٹیکسوں کے خلاف 7 اگست کو احتجاج کریں، حافظ نعیم الرحمن
لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور دیگر ٹیکسوں کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے عوام سے بھرپور شرکت کی درخواست کی ہے۔
خصوصی ویڈیو پیغام میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام جمعے کے روز شام 4 بجے سڑکوں پر نکلیں اور اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کر کے احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوام نے آواز بلند کی تھی، اسی طرح اب بھی مہنگائی اور ٹیکسوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خور و نوش پر بھاری ٹیکس عائد کیے جا رہے ہیں، جبکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 27 بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے الزام عائد کیا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں اربوں روپے وصول کر رہی ہے، جس کا بوجھ براہِ راست عام شہریوں پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوام نے بروقت آواز بلند نہ کی تو مزید ٹیکس عائد کیے جا سکتے ہیں، اس لیے حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج ناگزیر ہو چکا ہے۔





