نئے صوبے کیسے بنیں گے؟ وفاقی وزیر قانون نے آئینی فارمولا بتا دیا
لندن: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے، اور پارلیمنٹ و متعلقہ صوبائی اسمبلیاں مناسب سمجھیں تو دو تہائی اکثریت کے ذریعے نئے صوبے قائم کیے جا سکتے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نئے صوبے بنانا آئینی اختیار ہے، تاہم اس کے لیے پارلیمنٹ اور متعلقہ صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔
وفاقی وزیر قانون نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف متعدد مرتبہ حزب اختلاف کو مذاکرات کی پیشکش کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق سیاسی ماحول میں بہتری کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں سب سے بڑا چیلنج بروقت اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد تھا، جو ان کے مطابق پرامن اور شفاف انداز میں مکمل کرائے گئے۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب سے متعلق بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں اصل اختیار نواز شریف کے پاس تھا۔








