نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مسجد نبوی ﷺ میں حاضری، پاکستان اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں
مدینہ منورہ: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دی، روضۂ رسول ﷺ پر سلام پیش کیا اور نوافل ادا کیے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ پوری امتِ مسلمہ کے اتحاد، سلامتی اور فلاح کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
نائب وزیراعظم نے جبلِ اُحد کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے حضرت امیر حمزہؓ کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور غزوۂ اُحد کے شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ سعودی عرب میں ہونے والی سفارتی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جس کے دوران اسحاق ڈار مختلف اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نائب وزیراعظم نے اردن کے دارالحکومت عمان کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کی اور مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔





