شیخ حسینہ کی میڈیا گفتگو پر بنگلادیش کا بھارت سے شدید احتجاج

شیخ حسینہ کی میڈیا گفتگو پر بنگلادیش کا بھارت سے شدید احتجاج

ڈھاکا: بنگلادیش نے بھارت میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو میڈیا سے خطاب کی اجازت دینے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری کے خلاف اقدام قرار دیا ہے۔

بنگلادیش کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی میں شیخ حسینہ کی میڈیا سے گفتگو پر حکومت کو سخت تحفظات ہیں، جن سے بھارتی حکام کو پہلے ہی آگاہ کیا جا چکا تھا۔

یہ ردعمل فارن کوریسپونڈنٹس کلب آف ساؤتھ ایشیا کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی ایک تقریب کے بعد سامنے آیا، جس میں شیخ حسینہ نے میڈیا سے گفتگو کی تھی۔

بنگلادیشی وزارتِ خارجہ نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیراعظم نے اپنی تقریر میں ملک، عوام اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دیے۔

بیان میں کہا گیا کہ جولائی 2024 کی تحریک کے دوران جان سے ہاتھ دھونے والے افراد کے لواحقین کے لیے یہ اقدام انتہائی تکلیف دہ ہے، جبکہ حکومت نے شیخ حسینہ کے ان دعوؤں کو بھی مسترد کر دیا ہے جو 2024 کے واقعات سے متعلق سامنے آئے تھے۔

بنگلادیش نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود حوالگی کے معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو واپس بھیجا جائے۔

واضح رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں اقتدار چھوڑنے کے بعد بھارت منتقل ہو گئی تھیں۔

More News