نوشکی میں بی اے پی کے ضلعی صدر میر عبدالرحمان لانگو فائرنگ سے جاں بحق
نوشکی: بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ضلعی صدر اور یونین کونسل چیئرمین میر عبدالرحمان لانگو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات نوشکی کے علاقے کلی نوکجو میں پیش آیا، جہاں 5 سے 6 مسلح افراد نے گھر میں گھس کر بی اے پی کے ضلعی صدر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں میر عبدالرحمان لانگو شدید زخمی ہوئے اور جانبر نہ ہوسکے۔ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے گاڑی میں فرار ہوگئے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے بھی کارروائی جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے محرکات جاننے کیلئے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
میر عبدالرحمان لانگو نوشکی کی ایک فعال سیاسی شخصیت تھے اور بی اے پی کے ضلعی صدر کی حیثیت سے سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے تھے۔ ان کے قتل کی خبر سامنے آنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے پر سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ مختلف حلقوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور قتل کے محرکات سامنے لانے کیلئے شفاف تحقیقات کی جائیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔








