نہم جماعت کے خراب نتائج، سرکاری سکولز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

نہم جماعت کے خراب نتائج، سرکاری سکولز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور: نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں خراب نتائج دینے والے سرکاری سکولوں کے خلاف محکمہ تعلیم نے کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ لاہور کے 41 سرکاری سکولوں میں نویں جماعت کا کامیابی کا تناسب 20 فیصد سے بھی کم رہنے پر سکول سربراہان اور متعلقہ اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق خراب نتائج دینے والے سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ سے طلبہ کی ناقص کارکردگی کی وجوہات کے بارے میں وضاحت طلب کی جائے گی، جبکہ ان کی مجموعی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول وسن پورہ میں نویں جماعت کا ایک بھی طالب علم کامیاب نہیں ہوسکا، جبکہ لاہور کے مزید 27 سرکاری سکولوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ کی تعداد 10 سے بھی کم رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں تقریباً 2 ہزار 200 سرکاری سکولوں میں نویں جماعت کا کامیابی کا تناسب 20 فیصد سے کم رہا ہے۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے سکولوں کے سربراہان اور متعلقہ اساتذہ سے نتائج کی وجوہات معلوم کی جائیں گی۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ناقص نتائج کے ذمہ دار افسران اور اساتذہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانا، طلبہ کے نتائج میں بہتری لانا اور ناقص کارکردگی کے ذمہ داران کا تعین کرنا ہے۔

More News