نیپال میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد 1050 تک پہنچ گئی

نیپال میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد 1050 تک پہنچ گئی

ہزاروں افراد تاحال لاپتا، امدادی ٹیموں کا دور دراز علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری

کٹھمنڈو: نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور گلیشیئر ٹوٹنے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 1050 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ تقریباً 4 ہزار افراد تاحال لاپتا ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امدادی کارکنوں نے لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری، ہیلی کاپٹرز اور ایکسیویٹرز کا استعمال شروع کردیا ہے۔

چین، بھارت اور نیپال کی خصوصی امدادی ٹیمیں دور دراز علاقوں تک رسائی کے لیے عارضی پل تعمیر کر رہی ہیں، جبکہ ایکسیویٹرز کی مدد سے سرنگوں میں پھنسے تقریباً 300 مزدوروں کو نکالنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

نیپال کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق تباہ شدہ ہائیڈرو پاور اسٹیشنز میں کم از کم 639 افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 583 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 26 اگست کو گلیشیئر ٹوٹنے کے باعث برف، چٹانوں اور کیچڑ کا ایک بڑا ریلا نیپال اور چین کے سرحدی علاقے میں داخل ہوا، جس سے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔

اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے ابتدائی تخمینے کے مطابق اس قدرتی آفت کے نتیجے میں کم از کم 22 لاکھ ٹن ملبہ جمع ہوا ہے، جس میں عمارتوں کا ملبہ، چٹانیں اور مٹی شامل ہیں۔

امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیاں تیز کرنے کے ساتھ ساتھ لاپتا افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

More News