اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، پاکستان کی کاوشوں کو سراہا گیا
پاکستان کا اقوام متحدہ سے مضبوط عزم اور دیرینہ شراکت داری کا اعادہ
بشکیک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے اقوام متحدہ کے لیے مضبوط عزم اور عالمی ادارے کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کا اعادہ کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، آئندہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی تیاریوں اور سلامتی کونسل میں پاکستان اور اقوام متحدہ سے متعلق جاری امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے کثیرالجہتی سفارتکاری میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
ملاقات میں اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے انتونیو گوتریس نے قبول کرلیا۔ تاہم دورے کی تاریخیں باہمی مشاورت سے طے کی جائیں گی۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کے ذریعے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
یہ ملاقات پاکستان کی جانب سے عالمی اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے کثیرالجہتی تعاون اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ فعال سفارتی روابط جاری رکھنے کی پالیسی کی عکاسی کرتی ہے۔





