وادی تیراہ کے علاقے زخہ خیل میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر شروع، سکیورٹی فورسز کی مشینری فراہم

وادی تیراہ کے علاقے زخہ خیل میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر شروع، سکیورٹی فورسز کی مشینری فراہم

خیبر: وادی تیراہ کے علاقے زخہ خیل کے گاؤں زاؤالدین میں مقامی نوجوانوں کے لیے کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر اور ہمواری کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جس کے لیے سکیورٹی فورسز کے مقامی ونگ کی جانب سے مشینری فراہم کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کرکٹ گراؤنڈ کی تیاری کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مقامی قبائلی عمائدین اور امن تنظیم کے ذمہ داران نے ونگ کمانڈر سے ملاقات کرکے گراؤنڈ کی تعمیر اور ہمواری کے لیے تعاون کی درخواست کی تھی۔

مقامی عمائدین کی درخواست پر سکیورٹی فورسز کے مقامی ونگ نے فلاحی اقدام کے تحت بلڈوزر اور ٹریکٹر فراہم کیے، جن کی مدد سے گراؤنڈ کو کھیلوں کے لیے موزوں بنانے کا کام جاری ہے۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد علاقے کے نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا، کھیلوں کے رجحان کو فروغ دینا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب ماحول مہیا کرنا ہے۔

مقامی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر سے علاقے کے نوجوانوں کو کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔

اس منصوبے کو سول ملٹری تعاون کے فروغ کی ایک کوشش بھی قرار دیا جا رہا ہے، جس میں مقامی قبائلی عمائدین، امن تنظیم اور سکیورٹی فورسز نے باہمی تعاون سے نوجوانوں کے لیے سہولت کی فراہمی میں کردار ادا کیا۔

علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کو مثبت مصروفیات میسر آئیں گی بلکہ مقامی سطح پر باہمی روابط اور اجتماعی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملنے کی امید ہے۔

 

More News