واٹس ایپ صارفین کیلئے خوشخبری، اکاؤنٹ سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کیلئے نئے فیچرز متعارف
واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی، ہیکنگ اور آن لائن فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے نئے سیکیورٹی فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ نئی حفاظتی سہولیات کا مقصد اکاؤنٹ لاگ اِن کے عمل کو مزید آسان اور محفوظ بنانا ہے۔
نئے سیکیورٹی نظام میں پاس کیز (Passkeys) کو اہمیت دی جارہی ہے، جس کے ذریعے روایتی لاگ اِن طریقوں کے مقابلے میں اکاؤنٹس کو زیادہ مضبوط تحفظ فراہم کیا جاسکے گا۔ پاس کیز کی مدد سے صارفین اپنے موبائل ڈیوائس کے سیکیورٹی فیچرز کے ذریعے شناخت کی تصدیق کرسکیں گے، جس سے ہیکرز کے لیے اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنا مزید مشکل ہوجائے گا۔
واٹس ایپ پر پہلے ہی ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کی سہولت موجود ہے، تاہم پاس کیز کو اضافی حفاظتی پرت کے طور پر استعمال کرنے سے اکاؤنٹس کے تحفظ میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کے حوالے سے بھی سیکیورٹی الرٹس کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ اب ایسے نمبرز سے کال موصول ہونے پر جنہیں صارف نے اپنی کانٹیکٹ لسٹ میں محفوظ نہیں کیا، اسکرین پر کالر سے متعلق مزید معلومات ظاہر کی جاسکیں گی۔
نئے الرٹ سسٹم میں خاص طور پر یہ معلومات بھی نمایاں ہوسکتی ہیں کہ کال کرنے والا نمبر بیرون ملک سے تعلق رکھتا ہے یا نہیں۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو مشکوک کالز، فراڈ اور سوشل انجینئرنگ کی ممکنہ کوششوں سے خبردار کرنا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے سیکیورٹی میں یہ بہتری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں آن لائن فراڈ اور اکاؤنٹ ہیکنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ نئی سہولیات کے ذریعے صارفین کو مشکوک روابط اور غیر معروف نمبروں سے متعلق فیصلہ کرنے میں مزید مدد مل سکے گی۔








