واٹس ایپ کا آئی فون صارفین کے لیے اہم فیچر متعارف، والدین بچوں کے اکاؤنٹس کنٹرول کرسکیں گے
کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے پیرنٹل کنٹرولز کا الگ سیکشن متعارف کرانا شروع کردیا ہے، جس سے والدین کے لیے بچوں کے اکاؤنٹس کی نگرانی اور مختلف پابندیاں عائد کرنا مزید آسان ہوجائے گا۔
واٹس ایپ کے نئے پیرنٹ مینجڈ اکاؤنٹس کے ذریعے والدین یا سرپرست یہ طے کرسکیں گے کہ بچے سے کون رابطہ کرسکتا ہے اور وہ کن گروپس میں شامل ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ چینلز اور اسٹیٹس سمیت بعض فیچرز تک رسائی بھی محدود کی جاسکے گی۔
نئے نظام کے تحت والدین کو بچے کے اکاؤنٹ کی بعض سرگرمیوں سے متعلق معلومات بھی دستیاب ہوں گی۔ ان میں نئے رابطوں، بلاک کیے گئے صارفین اور پروفائل میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔
واٹس ایپ کے اس اقدام کا مقصد بچوں کے لیے پلیٹ فارم کے استعمال کو زیادہ محفوظ بنانا اور والدین کو اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کے حوالے سے بہتر نگرانی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
نئے پیرنٹل کنٹرولز کے ذریعے والدین بچوں کے اکاؤنٹس پر عمر کے مطابق پابندیاں اور رابطوں سے متعلق حدود مقرر کرسکیں گے، جس سے بچوں کے لیے واٹس ایپ کے استعمال کو زیادہ محفوظ اور منظم بنانے میں مدد ملے گی۔








