پی آئی اے کے آپریشنل مسائل، پاکستان سے سعودی عرب کی 6 پروازیں 18 گھنٹے تک تاخیر کا شکار
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے آپریشنل مسائل کے باعث پاکستان سے سعودی عرب جانے اور آنے والی 6 پروازیں 18 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق مدینہ منورہ اور جدہ ایئرپورٹس پر پروازوں میں تاخیر کے باعث مسافر پریشانی میں مبتلا ہیں۔ اسلام آباد سے مدینہ جانے والی پرواز تقریباً ساڑھے 17 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
مدینہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز رات 2 بجے شیڈول تھی، تاہم اب اس کی آمد آج شام 5 بجے متوقع ہے۔ اسی طرح لاہور سے مدینہ جانے والی پروازوں میں بھی تقریباً 18 گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملتان سے جدہ اور مدینہ جانے والی پروازیں بھی 18 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہیں، جبکہ مدینہ سے لاہور آنے والی پرواز دوپہر ڈھائی بجے شیڈول تھی، جس کی آمد اب اگلی صبح 8 بجے متوقع ہے۔
پروازوں میں طویل تاخیر کے باعث مسافروں کو ایئرپورٹس پر طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ متعدد مسافروں کو اپنے سفری شیڈول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
ایئرلائن کے آپریشنل مسائل کے باعث پروازوں کے اوقات میں بار بار تبدیلی سے مسافروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔








