ایزی پیسہ کا بچوں کے لیے نیو جین اکاؤنٹ، والدین گھر بیٹھے اکاؤنٹ کھول سکیں گے
ایزی پیسہ نے 12 سے 17 سال کی عمر کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے NewGen Account کی سہولت متعارف کر رکھی ہے، جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے لیے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔
ایزی پیسہ کی معلومات کے مطابق نیو جین اکاؤنٹ والدین کی نگرانی میں کھولا جاتا ہے اور اس کے ذریعے نوجوانوں کو رقم کی منتقلی، موبائل لوڈ، بچت اور کیو آر ادائیگی سمیت مختلف ڈیجیٹل مالی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔
اکاؤنٹ کھولنے کے لیے والدین اپنی ایزی پیسہ ایپ میں لاگ اِن کرکے پروفائل مینو میں موجود Open NewGen Account کا آپشن منتخب کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد بچے کا موبائل نمبر، فارم ب یا شناختی کارڈ نمبر اور دستاویز کے اجرا کی تاریخ سمیت ضروری معلومات فراہم کرنا ہوتی ہیں۔
کمپنی کے مطابق ایک والدین زیادہ سے زیادہ دو NewGen Accounts کھول سکتے ہیں۔ اکاؤنٹ بننے کے بعد بچہ ایزی پیسہ ایپ کے ذریعے اپنا پن بنا کر دستیاب سہولتیں استعمال کرسکتا ہے۔
NewGen Account کا مقصد نوجوانوں کو کم عمری میں ڈیجیٹل مالی معاملات، رقم کے انتظام اور بچت سے متعلق بنیادی سہولتوں سے روشناس کرانا ہے۔
ایزی پیسہ کے مطابق جب صارف 18 سال کی عمر کو پہنچتا ہے تو اسے اپنی CNIC تفصیلات اپ ڈیٹ کرنا ہوں گی۔ شناختی معلومات کی تکمیل کے بعد اکاؤنٹ کو عام صارف کے اکاؤنٹ کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔




