واٹس ایپ کا نیا پاس ورڈ فیچر، 6 ہندسوں کے پن سے چھٹکارا کیسے پائیں؟
واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی متعارف کرانے جا رہا ہے۔
واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے ٹو اسٹیپ ویریفکیشن سسٹم میں بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت روایتی 6 ہندسوں پر مشتمل پن کو بتدریج پاس ورڈ سے تبدیل کیا جائے گا، جس میں حروف اور نمبرز شامل کیے جا سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق نئے پاس ورڈ سسٹم کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی اور ممکنہ ہیکنگ سے مزید مضبوط تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس وقت ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے لیے صارفین کو 6 ہندسوں پر مشتمل پن بنانا پڑتا ہے، تاہم نئے فیچر کی دستیابی کے بعد اسے زیادہ مضبوط پاس ورڈ سے اپ گریڈ کیا جا سکے گا۔
یہ فیچر مرحلہ وار صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے، اس لیے ممکن ہے کہ بعض صارفین کو یہ آپشن فوری طور پر نظر نہ آئے۔ واٹس ایپ کے مطابق آنے والے ہفتوں میں مزید صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
واٹس ایپ پن کو پاس ورڈ سے کیسے تبدیل کریں؟
نیا پاس ورڈ سیٹ کرنے کے لیے سب سے پہلے واٹس ایپ کھولیں اور Settings میں جائیں۔ اس کے بعد Account کے آپشن میں داخل ہو کر Two-Step Verification منتخب کریں۔
اگر آپ کے اکاؤنٹ پر نیا فیچر دستیاب ہو چکا ہے تو وہاں پاس ورڈ اپ ڈیٹ کرنے کا آپشن نظر آئے گا۔ اس پر کلک کرنے کے بعد نیا پاس ورڈ بنایا جا سکے گا۔
نئے پاس ورڈ کے لیے کم از کم 8 حروف ضروری ہوں گے، جبکہ اس میں کم از کم ایک حرف یا نمبر شامل ہونا لازمی ہوگا۔ صارفین مزید مضبوط سیکیورٹی کے لیے اسپیشل کریکٹرز بھی شامل کر سکتے ہیں، تاہم یہ لازمی نہیں ہوگا۔
صارفین ریکوری ای میل بھی شامل کر سکیں گے، جو پاس ورڈ بھول جانے کی صورت میں اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی حاصل کرنے میں مدد دے گی۔
ماہرین کے مطابق صارفین کو ایسا پاس ورڈ استعمال کرنا چاہیے جو منفرد اور مشکل ہو اور اسے کسی دوسرے اکاؤنٹ کے پاس ورڈ کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔ نئے فیچر کے ذریعے واٹس ایپ صارفین کو اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کا اضافی موقع فراہم کر رہا ہے۔





