وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کا پاکستانی ایس ایم ایز کے لیے سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا آغاز

وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کا پاکستانی ایس ایم ایز کے لیے سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا آغاز

اسلام آباد: وزارتِ آئی ٹی اور میٹا نے پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے لیے Small Business Growth Academy کا آغاز کردیا ہے۔ وزارتِ آئی ٹی کے مطابق اکیڈمی کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے جبکہ تربیتی سیشنز ستمبر 2026 سے منعقد کیے جائیں گے۔

پروگرام کے تحت پاکستان بھر کے ایک ہزار سے زائد ایس ایم ایز کو مفت ڈیجیٹل تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیتی پروگرام کا مقصد کاروباری اداروں کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ٹولز کے مؤثر استعمال سے آگاہ کرنا اور انہیں ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق تربیتی سیشنز میں کاروباری افراد کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنے کاروبار کی تشہیر اور صارفین تک رسائی بڑھانے کے طریقوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ شرکا کو فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ بزنس کے استعمال کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور آن لائن موجودگی بہتر بنانے کی تربیت دی جائے گی۔

پروگرام میں خواتین کے زیرِ انتظام کاروباری اداروں اور خواتین صنعت کاروں کو خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے، تاکہ وہ جدید ڈیجیٹل ذرائع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے سکیں۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق خواہشمند کاروباری افراد Small Business Growth Academy کے لیے آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستانی ایس ایم ایز کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور ان کے کاروباری مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

More News