امریکی ٹیک کمپنی موبیز کا کراچی میں دفتر قائم، ایس ای سی پی چیئرمین کا خیرمقدم
کراچی: چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے پاکستانی ملکیت میں چلنے والی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی موبیز گلوبل کے کراچی میں دفتر کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے۔
ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کے مطابق موبیز امریکا کی سلیکون ویلی میں قائم ٹیکنالوجی کمپنی ہے، جو دنیا کے مختلف ممالک میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں خدمات فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں نمایاں کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینا ملکی آئی ٹی ٹیلنٹ پر اعتماد کا اظہار ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ پاکستان کو علاقائی ٹیکنالوجی اور گلوبل سروسز حب بنانے کے وسیع مواقع حاصل ہیں۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور عالمی سطح پر کام کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ایس ای سی پی کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور ریگولیٹری اصلاحات پر کام کررہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کاروباری لاگت اور وقت میں کمی، جبکہ شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ممکن ہے۔
ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے موبیز گلوبل کو کراچی آفس کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کمپنی پاکستان میں مزید توسیع کی حکمت عملی وضع کرے گی اور ملک کے ٹیکنالوجی و آئی ٹی شعبے میں اپنا کردار مزید بڑھائے گی۔








