وزیراعظم سے جائیکا کے صدر کی ملاقات، معاشی اصلاحات کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم سے جائیکا کے صدر کی ملاقات، معاشی اصلاحات اور ترقیاتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو کی قیادت میں 9 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ شراکت داری، معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ اپنی کئی دہائیوں پر محیط تاریخی اور دوستانہ شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائیکا نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر تناکا اکیہیکو کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے اجتماعی کوششوں، مؤثر پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے ذریعے ملک کو درپیش مشکل اقتصادی چیلنجز پر قابو پایا ہے اور اب پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں گزشتہ تین برسوں کے دوران سرکاری محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے معیشت کو استحکام ملا اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل میں بہتری آئی ہے۔

شہباز شریف نے اس موقع پر نوجوانوں کو جدید ہنر، تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت، باعزت روزگار کی فراہمی، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور معدنیات کے شعبے کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے معدنی وسائل کے شعبے میں جائیکا کے تکنیکی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں مشترکہ منصوبے ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے فروغ کے لیے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) میں اہم اصلاحات کی گئی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جائیکا کی معاونت سے ایس ایم ای سیکٹر مزید مستحکم ہوگا، جس سے برآمدات میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے جاپان میں حالیہ زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، جس پر جائیکا کے صدر نے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

جائیکا کے صدر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جائیکا صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق مشترکہ منصوبوں پر کام کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ عوام کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان سمیت عالمی برادری ان اقدامات کو مثبت نظر سے دیکھتی ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، جنہوں نے پاک جاپان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

More News