وزیراعظم سے جان خطرے میں ڈال کر ننھی جان بچانے والی نرس کی ملاقات، بہادری پر خراجِ تحسین، ایک کروڑ روپے کا چیک
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نومولود کی جان بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والی نرس رضیہ نورین سے ملاقات کی اور ان کی بہادری، فرض شناسی اور جذبۂ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کے سر پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے ان کے حوصلے اور بے مثال جذبۂ خدمت کو سراہا اور انہیں ایک کروڑ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو نرس رضیہ نورین کی بہادری پر فخر ہے۔ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود کی زندگی بچا کر انسانیت اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رضیہ نورین کا یہ کارنامہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ نرس رضیہ نورین کی خدمات اور بہادری کے اعتراف میں انہیں 23 مارچ کو تمغۂ خدمت سے بھی نوازا جائے گا۔
ملاقات میں نرس رضیہ نورین نے واقعے کی تفصیلات بھی وزیراعظم کو بتائیں۔ ان کے مطابق آگ تیزی سے پھیل رہی تھی، تاہم انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر بچوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر اندر جانے کا فیصلہ کیا۔
نرس رضیہ نورین نے بتایا کہ ایک انتہائی کم عمر بچے کو انہوں نے ریسکیو کرکے بحفاظت باہر نکالا، تاہم دوسرے بچوں کو بچانے کے لیے وہ دوبارہ عمارت کے اندر داخل ہوئیں۔
ان کے مطابق اسی دوران اچانک دھماکا ہوا اور ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔ انہوں نے دوسری نرس سے بچوں کو بچانے کی اپیل کی اور مشکل ترین صورتحال میں بھی اپنی ذمہ داری نبھانے کی کوشش جاری رکھی۔
نرس رضیہ نورین نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف اپنی ذمہ داری اور فرض ادا کیا، تاہم وزیراعظم کی جانب سے حوصلہ افزائی اور عزت افزائی پر وہ بے حد خوش اور شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے نرس رضیہ نورین کی خدمات کا اعتراف نہ صرف ان کی ذاتی بہادری کو خراجِ تحسین ہے بلکہ مشکل حالات میں انسانیت کی خدمت کرنے والے شعبۂ صحت سے وابستہ تمام افراد کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا پیغام ہے۔








