وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کردیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کردیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران دونوں رہنماؤں کو منصوبے کی تکنیکی خصوصیات، استعداد اور مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ قراقرم ون ڈیٹا سینٹر کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کے لیے مضبوط انفراسٹرکچر فراہم کرے گا۔ منصوبہ مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ حساس قومی اور تجارتی معلومات کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے جدید ڈیٹا سینٹر کو انتہائی متاثرکن اور قابلِ تحسین منصوبہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکائی 47 جیسے منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں اور مسلسل محنت سے ہی ایسے عظیم منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور منصوبے کے شراکت دار زیڈ ٹی ای کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات اور چیلنجز کا امید اور حوصلے سے مقابلہ کیا جائے تو تاریخی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔








