اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے دیرینہ اور قریبی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن و استحکام کے لیے تمام فریق مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط کو فروغ دیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی سفارتی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا اور ایرانی ماہی گیروں اور عملے کی محفوظ وطن واپسی میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

More News