وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کاروباری وفود کی نیویارک میں ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کاروباری وفود کی نیویارک میں ملاقات

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ اور امریکا پاکستان بزنس کونسل کے وفود نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری، معاشی اصلاحات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، فنانس، مینوفیکچرنگ، ادویات، مشروبات اور آرگینک مصنوعات سے وابستہ کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا بزنس کونسلز اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان بہترین پل ہیں۔ انہوں نے امریکی کاروباری شخصیات کو پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور مختلف شعبوں میں موجود مواقع سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے جبکہ حکومت معاشی، پالیسی اور ساختی اصلاحات کے ساتھ معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے اور ای گورننس کے فروغ پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے زرعی شعبے، مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، بندرگاہوں اور جہاز رانی کو سرمایہ کاری کے اہم شعبے قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قدرتی وسائل اور نوجوان افرادی قوت کے باعث وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا مقصد نجی شعبے کیلئے کاروبار اور سرمایہ کاری کو آسان بنانا اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے نجکاری کے عمل کو بھی سرمایہ کاری کے اہم شعبوں میں شامل قرار دیا۔

More News