اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنایا، دفاعی خودکفالت کی جانب اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ملکی سلامتی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابل فخر ہے۔
اسلام آباد میں انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ روبوٹکس اور ڈرون ٹیکنالوجی نہ صرف ملکی معیشت کو مضبوط بنا رہی ہے بلکہ عوام کی زندگی کو بھی آسان بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جدید مشینیں اب صرف کام نہیں کرتیں بلکہ محسوس کرنے اور فیصلے کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی دنیا میں ایک نئے دور کی بنیاد بن رہی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق معرکہ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے خودکار نظام، سائبر سیکیورٹی اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے ملکی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا۔ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنایا ہے، جبکہ ملک میں ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد تیاری مقامی سطح پر ہو رہی ہے، جو دفاعی خودکفالت کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ روبوٹکس، ڈرونز اور خودکار نظام میں جدت ملکی معیشت کو مضبوط، قومی سلامتی کو مؤثر اور عوام کی زندگی کو مزید آسان بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔







