وفاقی حکومت کا غیر رجسٹرڈ مدارس کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ، رجسٹریشن کیلئے 3 ماہ کی مہلت
وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں سے غیر رجسٹرڈ دینی مدارس کی تفصیلات طلب کرلی ہیں اور تمام صوبائی حکومتوں کو مدارس کی رجسٹریشن کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایات پر محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق تفصیلات مرتب کرلی ہیں۔ نئی ہدایات کے مطابق مدارس کی رجسٹریشن کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور انٹیلی جنس کمیٹی سے کلیئرنس حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق سندھ بھر میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق جاری ریکارڈ میں 6 ہزار 368 مدارس کا اندراج کیا گیا ہے، جن میں سے 6 ہزار 273 رجسٹرڈ جبکہ 695 غیر رجسٹرڈ بتائے گئے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں مجموعی طور پر 2 ہزار 443 مدارس موجود ہیں، جن میں سے ایک ہزار 905 رجسٹرڈ جبکہ 538 غیر رجسٹرڈ ہیں۔ کراچی سمیت سندھ بھر کے رجسٹرڈ مدارس میں 6 لاکھ 15 ہزار 306 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
مسلک کے اعتبار سے سندھ میں دیوبند کے 4 ہزار 240 مدارس میں سے 312 غیر رجسٹرڈ ہیں، جبکہ بریلوی مسلک کے 2 ہزار 357 مدارس میں سے 341 کی رجسٹریشن تاحال مکمل نہیں ہوسکی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو دی گئی تین ماہ کی مہلت کے دوران مدارس کی رجسٹریشن اور متعلقہ اداروں سے ضروری کلیئرنس کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔








