ٹانک میں سیکیورٹی خدشات، ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ
ٹانک: سیکیورٹی خدشات اور مانجھی خیل چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی کوشش کے بعد ڈپٹی کمشنر ٹانک نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک شہریوں کی نقل و حرکت، ہر قسم کی ٹریفک، مسافر و مال بردار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔
حکم نامے کے تحت ڈبڑہ سے ٹانک بائی پاس، بولٹن آباد، گرہ پتھر، گرہ حیات، رنوال، مانجھی خیل اور بھگووال سمیت مختلف راستے بند رہیں گے، جبکہ رنوال بازار بھی مقررہ اوقات میں بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ دفعہ 144 کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور آئندہ احکامات تک جاری رہے گا۔








