ٹیسلا کی اڑنے والی روڈسٹر متعارف، پیداوار 2028 میں شروع کرنے کا منصوبہ

ٹیسلا کی اڑنے والی روڈسٹر متعارف، پیداوار 2028 میں شروع کرنے کا منصوبہ

امریکی کمپنی ٹیسلا نے اپنی نئی نسل کی روڈسٹر اسپورٹس کار پیش کردی ہے، جس نے ایک مظاہرے کے دوران مختصر طور پر ہوا میں بلند ہونے، فضائی گردش کرنے اور دوبارہ زمین پر اترنے کا مظاہرہ کیا۔ کمپنی کے مطابق گاڑی کی پیداوار 2028 میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق دو نشستوں والی اس اسپورٹس کار کو اسپیس ایکس کی راکٹ ٹیکنالوجی سے متاثرہ نظام کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس میں کمپریسڈ ایئر تھرسٹرز اور تقریباً 10 نوزلز استعمال کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے گاڑی کو مختصر وقت کے لیے زمین سے بلند کرنے اور حرکت دینے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔

مظاہرے کے دوران گاڑی نے ریمپ پر الٹی سمت میں حرکت کرنے، ہوا میں چھلانگ لگانے اور دورانِ پرواز گھومنے کے بعد دوبارہ زمین پر اترنے کا مظاہرہ کیا۔ تاہم اسے روایتی طیارے یا ہیلی کاپٹر کی طرح مسلسل پرواز کرنے والی گاڑی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

ٹیسلا کے مطابق نئی روڈسٹر کی رفتار اور کارکردگی بھی غیرمعمولی ہوگی۔ کمپنی کی جانب سے صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار تقریباً ایک سیکنڈ سے کم وقت میں حاصل کرنے اور 230 میل فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کی صلاحیت کے دعوے کیے گئے ہیں۔

ایلون مسک کے مطابق گاڑی کی پیداوار 2028 میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ تاہم اس منصوبے کے حوالے سے ماضی میں بھی تاخیر ہوتی رہی ہے۔

روڈسٹر کا تصور پہلی بار 2017 میں پیش کیا گیا تھا اور اس وقت اس کی ڈیلیوری 2020 میں شروع کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن منصوبہ کئی مرتبہ مؤخر ہوا۔

نئی گاڑی کو ٹیسلا کی انجینئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ اس کی اصل کارکردگی، پیداوار اور صارفین تک ترسیل کے بارے میں حتمی صورتحال منصوبے کی پیش رفت کے ساتھ واضح ہوگی۔

More News