99 سالہ برطانوی خاتون نے دنیا کی معمر ترین ونگ واکر کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

99 سالہ برطانوی خاتون نے دنیا کی معمر ترین ونگ واکر کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 99 سالہ ہیلگا ڈفی نے پرواز کرتے طیارے کے پروں پر کھڑے ہوکر دنیا کی معمر ترین ونگ واکر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ ان کے اس کارنامے نے عمر کے اس حصے میں بھی ہمت اور مہم جوئی کی ایک منفرد مثال قائم کردی ہے۔

ہیلگا ڈفی نے یہ کارنامہ برطانوی کاؤنٹی گلوسٹرشائر کے قصبے سائرنسیسٹر میں واقع آر ایف سی رینڈ کومب ایئر فیلڈ پر انجام دیا، جہاں وہ ایک چھوٹے طیارے کے اوپر کھڑی ہوئیں۔

ونگ واکنگ ایک خطرناک فضائی کرتب ہے، جس میں کوئی شخص پرواز کے دوران طیارے کے پروں پر کھڑا ہوتا ہے۔ اس کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات اور تربیت درکار ہوتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہیلگا ڈفی کو اس کارنامے کا خیال اگست 2026 میں آیا، جب انہوں نے 97 سالہ بیٹی برومیج کو ونگ واکنگ کرتے دیکھا۔ بیٹی برومیج نے فالج سے صحت یاب ہونے کے بعد طیارے کے پروں پر کھڑے ہوکر اپنا ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑا تھا۔

ایک کیئر ہوم میں مقیم ہیلگا ڈفی نے اپنے تجربے کو عجیب قرار دیا۔ طیارے پر کھڑے ہونے کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ خوفزدہ ہیں، کیونکہ وہ بہت زیادہ پرجوش بھی ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے ہیلگا ڈفی کو عالمی ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔ ان کی بھانجیوں جیکی روز اور جولی پریز نے اس یادگار پرواز کا مشاہدہ کیا اور انہیں ایک آزاد مزاج اور بہادر خاتون قرار دیا۔

دوسری جانب 97 سالہ بیٹی برومیج نے ہیلگا ڈفی کو اس کامیابی پر مبارک باد دی، تاہم مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ 100 سال کی عمر میں دوبارہ ونگ واکنگ کرکے یہ ریکارڈ توڑنے کی کوشش کریں گی۔

More News