پاراچنار: ٹریکٹر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، ڈرائیور محفوظ
پاراچنار: اپر کرم کے علاقے تائیدہ گاؤں میں ٹریکٹر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا تاہم ڈرائیور محفوظ رہا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تائیدہ گاؤں میں ٹریکٹر بارودی سرنگ سے ٹکرایا، جس کے باعث زور دار دھماکا ہوا اور ٹریکٹر کو نقصان پہنچا۔ دھماکے میں ٹریکٹر کا ڈرائیور محفوظ رہا۔
سیکرٹری انجمن حسینیہ کے مطابق اپر کرم کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران بارودی سرنگوں کے متعدد دھماکے ہوچکے ہیں۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں کئی افراد زخمی اور بعض معذور ہوچکے ہیں، جبکہ دو افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر خالد عمران کے مطابق اپر کرم کے مختلف علاقوں میں بارودی سرنگوں کی ڈی مائننگ کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈی مائننگ کے دوران متعدد آئی ای ڈی اور بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل احتیاط کے ساتھ جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو مزید حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔








