پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی، پیپلز پارٹی نے 2 اہم رہنماؤں کی رکنیت ختم کردی
مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے پارٹی ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی پر دو سینئر اور مرکزی رہنماؤں کی پارٹی رکنیت منسوخ کردی ہے۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری محمد یاسین کی منظوری کے بعد جن رہنماؤں کی رکنیت ختم کی گئی ہے، ان میں آزاد کشمیر کے نائب صدر سردار خالد محمود چغتائی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے رکن سردار ماجد رزاق شامل ہیں۔
سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور کے دستخط سے جاری باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں رہنماؤں کے خلاف یہ کارروائی 2026 کے عام انتخابات کے دوران پارٹی فیصلوں، پالیسیوں اور آئینی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے الزامات کے بعد کی گئی۔
پارٹی کے مطابق دونوں رہنماؤں پر عائد الزامات ثابت ہونے کے بعد ان کے خلاف سخت تنظیمی کارروائی عمل میں لائی گئی اور پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سیاسی جماعتیں انتخابات کے بعد اپنی تنظیمی صف بندی اور اندرونی نظم و ضبط کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔
رکنیت ختم کیے جانے کے فیصلے کے بعد دونوں رہنماؤں کا آئندہ سیاسی کردار اور پارٹی سے متعلق سرگرمیاں بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔








