پاکستان سے الحاق کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا، ایکشن کمیٹی کو بیرونی فنڈنگ حاصل ہے: رانا ثناء اللہ
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو بیرونی قوتوں کی فنڈنگ اور معاونت حاصل ہے، جبکہ کمیٹی نے اراکین کے حلف نامے سے پاکستان سے الحاق کے عہد کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پُرامن احتجاج اور لانگ مارچ ہر شہری کا حق ہے، تاہم مسلح لشکر کشی کے ذریعے مظفرآباد پر قبضے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں شہداء کی قربانیوں سے اس تحریک کی آبیاری ہوئی ہے اور اسے کسی کمیٹی کے مطالبے پر ضائع نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے بقول ایکشن کمیٹی کو مختلف تجاویز اور پیشکشیں دی گئیں، لیکن انہوں نے انہیں قبول نہیں کیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے ابتدا میں مہاجرین کی نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ نہیں کیا تھا، تاہم بعد میں اس مطالبے کو بھی اپنے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے الحاق کے عہد کو ختم کرنے کا مطالبہ ایک انتہائی حساس معاملہ ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ کا یہ خصوصی انٹرویو سلیم صافی کے ساتھ پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں نشر کیا گیا، جس میں انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال اور ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر تفصیلی گفتگو کی۔








