پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی، ہزاروں نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ

پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں جہاں مختلف شعبوں میں نئی کمپنیوں کے قیام کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کاروباری ماحول بہتر ہونے کے باعث کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی رپورٹ کے مطابق صرف فروری کے دوران 3 ہزار 444 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔ اس اضافے کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 87 ہزار 49 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نئی قائم ہونے والی کمپنیوں میں 82 اداروں میں غیر ملکی سرمایہ کار بھی شریک ہیں۔ چین سے تعلق رکھنے والے افراد 44 کمپنیوں میں بطور ڈائریکٹر شامل ہوئے جبکہ امریکا، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی مختلف منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔

ایس ای سی پی کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری زیادہ تر مائننگ، تجارت اور آئی ٹی کے شعبوں میں کی گئی۔ صوبوں کے لحاظ سے پنجاب میں سب سے زیادہ 1696 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ اسلام آباد میں 656 اور سندھ میں 555 نئی کمپنیاں قائم کی گئیں۔

شعبہ وار جائزے کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس کے میدان میں 723 نئی کمپنیاں سامنے آئیں۔ اس کے علاوہ ٹریڈنگ کے شعبے میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں 323 کمپنیوں کا اندراج ہوا۔ مزید برآں کان کنی، ٹیکسٹائل، تعلیم، صحت، اسپورٹس گڈز، کیبلز اور برقی آلات کے شعبوں میں بھی نئی کمپنیاں قائم کی گئیں۔

 

More News