پاکستان ناروے تجارت بڑھانے کا خواہاں، وزیراعظم کی نارویجن کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت

پاکستان ناروے تجارت بڑھانے کا خواہاں، وزیراعظم کی نارویجن کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا ہے۔ یہ بات وزیراعظم کی ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے باہمی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی و عالمی صورتحال سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور دیرینہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ناروے کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خصوصاً تیل اور گیس کے شعبے میں ناروے کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور نارویجن کمپنیاں ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے معاملے پر ناروے کے اصولی مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر ناروے کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ناروے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔

ایسپن بارتھ ایڈے نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ پاکستانی اور نارویجن حکام نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور معاشی تعلقات میں نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

More News