پاکستان کو 7 ماہ میں 5.17 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے موصول

پاکستان کو 7 ماہ میں 5.17 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے موصول

اسلام آباد:ویب ڈیسک

اقتصادی امور ڈویژن نے رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران پاکستان کو ملنے والی بیرونی مالی معاونت کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق ملک کو جولائی سے جنوری تک مجموعی طور پر 5.17 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور امداد حاصل ہوئی۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال 2025 کی اسی مدت کے دوران پاکستان کو 4.584 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی تھی، اس طرح رواں سال اس رقم میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس سے متعلق تفصیلات جاری کرنے میں کچھ تاخیر ہوئی، جس کی ممکنہ وجہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری جائزہ مذاکرات بتائی جا رہی ہے۔ مذاکرات مکمل ہونے کے بعد متعلقہ ڈیٹا باضابطہ طور پر جاری کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا جنوری کے دوران پاکستان کو مختلف ممالک اور مالیاتی اداروں سے مجموعی طور پر 5.17 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت حاصل ہوئی۔ اس عرصے میں دو طرفہ قرضوں کی مد میں پاکستان کو 931.88 ملین ڈالر موصول ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو قرضے فراہم کرنے والے ممالک میں سعودی عرب سب سے آگے رہا، جس نے 708 ملین ڈالر فراہم کیے، جبکہ چین سے 269.42 ملین ڈالر کا گارنٹی شدہ قرض حاصل کیا گیا۔

اسی عرصے میں سعودی عرب نے پاکستان کو موخر ادائیگی پر تیل کی سہولت کے تحت بھی معاونت فراہم کی اور مجموعی طور پر 700 ملین ڈالر جاری کیے۔ اس پروگرام کے تحت ہر ماہ تقریباً 100 ملین ڈالر فراہم کیے گئے۔

دیگر ممالک کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی معاونت میں چین نے 72.28 ملین ڈالر، ڈنمارک نے 71.15 ملین ڈالر، فرانس نے 26.73 ملین ڈالر، جرمنی نے 5.45 ملین ڈالر، جاپان نے 15.53 ملین ڈالر، جنوبی کوریا نے 9.49 ملین ڈالر اور کویت نے 22.06 ملین ڈالر فراہم کیے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے سب سے کم مالی معاونت فراہم کی گئی جو صرف 0.49 ملین ڈالر رہی۔

More News