پشاور میں غیر قانونی پاکستانی شناختی کارڈ بنانے والے مہاجرین کی نشاندہی
پشاور: جنید طور
صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث مہاجرین کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان کی فہرستیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق فقیر آباد، لطیف آباد، افغان کالونی، یوسف آباد، نواز آباد، پھندو روڈ، حیات آباد، ون ٹو سکندر پورہ اور دیگر یونین کونسلوں میں ایسے افغان تاجروں اور مہاجرین کی نشاندہی کی گئی ہے جو غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے یا بنانے میں ملوث ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس معاملے پر ایف آئی اے اور دیگر حساس اداروں نے کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور مختلف علاقوں میں آپریشن جاری ہے، جبکہ اس دوران متعدد گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب شہریوں اور مقامی تاجروں نے حکام کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں ضروری ہیں، تاہم آپریشن کے دوران عوامی تعاون کو یقینی بنانا بھی اہم ہے۔








