پاکستان کی نیت مثبت، امریکا اور اسرائیل قابلِ اعتبار نہیں: ایران
ویب ڈیسک: ایران نے مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی نیت اچھی ہے، تاہم امریکا اور اسرائیل پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان ایک اہم ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف ممالک نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی، جبکہ پاکستان سمیت خطے کے کئی ممالک کشیدگی کم کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ اپنے ہم منصبوں، خصوصاً پڑوسی ممالک سے مسلسل رابطے میں ہیں اور خطے کے ممالک کی نیک نیتی کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی ریاستیں موجودہ صورتحال کے ممکنہ نتائج پر تشویش کا اظہار کر رہی ہیں اور بہتری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مذاکرات کی باتیں قابلِ اعتبار نہیں، کیونکہ ایران کو ماضی میں سفارتکاری کے دوران “تلخ تجربات” کا سامنا رہا۔ ان کے مطابق مذاکرات کے دوران ایران پر حملے سفارتی عمل سے غداری کے مترادف تھے۔
ترجمان نے کہا کہ گزشتہ 24 دنوں کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا، جبکہ ایرانی مسلح افواج ملک کے دفاع کیلئے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایران فوری اور مؤثر جواب دے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایران نے اپنے اصولی موقف کے تحت مذاکرات کی درخواستوں کا جواب دیا ہے اور کسی بھی ممکنہ حملے کے سنگین نتائج سے آگاہ بھی کیا ہے۔








