پاکستان کے وارم اپ میچ کا دورانیہ تبدیل
لندن: پاکستان کے دورۂ انگلینڈ کے دوران پی سی سی سلیکٹ الیون کے خلاف شیڈول ٹیسٹ وارم اپ میچ کے دورانیے میں تبدیلی کردی گئی ہے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے میچ کو پہلے سے طے شدہ چار روز کے بجائے تین روز تک محدود کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ کینٹ کرکٹ نے بھی میچ کے نئے شیڈول کی تصدیق کردی ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق پاکستان اور پی سی سی سلیکٹ الیون کے درمیان وارم اپ میچ 13 سے 15 اگست 2026 تک دی کاؤنٹی گراؤنڈ، بیکنہم میں کھیلا جائے گا۔ میچ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے ہوگا۔
اس سے قبل یہ میچ 12 سے 15 اگست تک چار روزہ مقابلے کے طور پر شیڈول تھا، تاہم اب 12 اگست کا دن میچ سے خارج کردیا گیا ہے۔ بدھ 12 اگست کے لیے خریدے گئے ٹکٹس کی رقم مکمل طور پر واپس کی جائے گی، جبکہ 13، 14 اور 15 اگست کے ٹکٹس بدستور قابلِ استعمال رہیں گے۔
پاکستانی ٹیم یہ وارم اپ میچ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے کھیلے گی۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 19 اگست سے ہیڈنگلے، لیڈز میں شروع ہوگا۔





