پرانی ہونڈا سی ڈی 70 کے مالکان کے لیے بڑی خوشخبری، کمپنی کی خصوصی ایکسچینج آفر
اٹلس ہونڈا نے پرانی سی ڈی 70 موٹر سائیکل رکھنے والے صارفین کے لیے خصوصی ایکسچینج آفر متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت صارفین اپنی پرانی موٹر سائیکل کمپنی کو دے کر نئی سی ڈی 70 حاصل کرسکتے ہیں۔
آفر کے مطابق کمپنی صارف کی پرانی موٹر سائیکل کا معائنہ کرے گی اور اس کی حالت، ماڈل اور مجموعی معیار کو دیکھتے ہوئے قیمت کا تخمینہ لگایا جائے گا۔ پرانی موٹر سائیکل کی مقررہ قیمت کے بجائے ہر موٹر سائیکل کی حالت کے مطابق الگ قیمت طے ہوگی۔
طے شدہ قیمت نئی موٹر سائیکل کی مجموعی قیمت سے منہا کردی جائے گی، جبکہ صارف کو صرف باقی رقم ادا کرنا ہوگی۔ اس طرح پرانی موٹر سائیکل رکھنے والے افراد کے لیے نئی سی ڈی 70 خریدنے کا عمل نسبتاً آسان ہوسکتا ہے۔
پاکستان میں نئی ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 900 روپے بتائی گئی ہے۔ موٹر سائیکل میں چار اسپیڈ گیئر سسٹم کے ساتھ چار اسٹروک ایئر کولڈ انجن دیا گیا ہے، جبکہ فیول ٹینک کی گنجائش 8.5 لیٹر ہے اور ایک لیٹر ریزرو فیول کی سہولت بھی موجود ہے۔
کمپنی کی یہ ایکسچینج آفر پرانی سی ڈی 70 کو نئی موٹر سائیکل سے تبدیل کرنے کے خواہشمند صارفین کے لیے ایک اہم موقع قرار دی جارہی ہے۔







