عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان

عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی قیمت 0.23 ڈالر اضافے کے بعد 87.06 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ برطانوی خام تیل 0.61 ڈالر مہنگا ہوکر 94.39 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔

دوسری جانب اماراتی خام تیل کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 2.42 ڈالر بڑھ کر 103.50 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔ عالمی منڈی میں قدرتی گیس کی قیمت بھی 1.46 فیصد اضافے کے بعد 2.773 ڈالر ہوگئی ہے۔

عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر پاکستان جیسے درآمدی ممالک پر پڑتا ہے۔ خام تیل مہنگا ہونے سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدی لاگت بڑھ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی سطح پر قیمتوں میں اضافے کا دباؤ پیدا ہوتا ہے۔

حکومت پہلے ہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 59 پیسے فی لیٹر اضافہ کرچکی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 368 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ اس سے قبل ڈیزل 364 روپے 70 پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا تھا۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ جاری رہا تو پاکستانی عوام کو آئندہ قیمتوں کے تعین میں پٹرولیم مصنوعات کے مزید مہنگا ہونے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

More News